جدہ .... اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے کہا ہے کہ رکن اسلامی ممالک میں بڑھتے ہوئے کینسر کے مرض کی روک تھا م کے لئے فوری اقدامات کرنا ہونگے ۔ جمہوریہ بورکینافاسو میںمنعقدہ او آئی سی رکن ممالک کی اعلی سطح کی کانفرنس کے موقع پر سیکرٹری جنر ل کی نیابت انکے معاون برائے سائنس و ٹیکنالوجی ایمبسڈر نعیم خان نے کی ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ دنیا میں خاص کر او آئی سی کے رکن ممالک میں کینسر بڑی تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے خطرناک نتائج ہمارے سامنے ہیں ۔ڈاکٹر العثیمین نے اس حوالے سے مزید کہا کہ او آئی سی کے آدھے سے زائد رکن ممالک جن میں کینسرایک وبائی مرض کی صورت اختیار کر چکا ہے وہاں غربت زیادہ ہے اس لئے وہاں اس مرض پر قابو پانے کےلئے وسائل کم ہیں جس کی وجہ سے وہاں بسنے والے لوگ اس موذی مرض سے مقابلہ کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔کینسر سے نمٹنے اور عوام کو بہتر امور صحت کی فراہمی کےلئے فنڈ ز درکار ہوتے ہیں جس کے ذریعے صحت مراکز قائم کرکے عوام کو درکار ادویات اور علاج معالجے کے علاوہ دیگر آگاہی فراہم کی جاسکے ۔ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ اسلامی بینک اور بین الاقوامی ایٹمک ریسرچ کے ادارے کے تعاون سے کینسر سے نمٹنے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ او آئی سی کے رکن ممالک کے عوام کو اس موذی اور جاں لیوا مرض سے چھٹکارہ دلایاجاسکے۔اس ضمن میں او آئی سی ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی تاکہ لوگوں کی بہتری کےلئے جامع انداز میں کام کیاجاسکے ۔کانفرنس میں بورکینا فاسوکی خاتون اول سیکاکابری نے خطاب کرتے ہوئے او آئی سی کے اس اقدام کوسراہا جس کے ذریعے وہ رکن ممالک کے عوام کو اس موذی مرض سے بچانے کےلئے تدابیر اختیار کر تے ہوئے کوشش کر رہی ہے ۔ خاتون اول کاکہنا ہے کہ اس میں شک نہیں کہ او آئی سی کے رکن ممالک کو بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے تاہم کانفرنس میں شریک افریقی ممالک کی خواتین پر عزم ہیں کہ وہ ہر طرح کی مشکلات اور چیلنجز کا بخوبی مقابلہ کریں گی اور نئے حوصلے سے کینسر جیسے موذی مرض سے مقابلہ کرنے اور معاشرے کو بہتر کرنے کےلئے بھرپورتعاون جاری رکھیں گی ۔کانفرنس کے اختتام پر اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں مختلف نکات پر اتفاق کرتے ہوئے شرکاءنے دستخط کئے ۔ کانفرنس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ معاشرے میں کینسر کے حوالے سے لوگوں میں بیداری مہم شروع کی جائے گی اور ہر سطح پر اس موذی مرض سے بچاﺅکےلئے تدابیر اختیار کرتے ہوئے صحت مراکز کے قیام اور ضروری ادویہ کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایاجائے گا ۔ مختلف رکن ممالک میں کینسرکے مرض پرسیمینارمنعقد کئے جائیں گے اور جدید طریقہ علاج مہیا کیاجائے گا۔