ہندوستانی ہائی کمشنر نے عمران کو کیا تحفہ دیا؟
اسلام آباد.. پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمشنر اجے بساریا نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے بنی گالہ پرملاقات کی اور ا نہیں عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ تحریک انصاف کی سینئر رہنما شیریں مزاری نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ اس موقع پر عمران خان نے مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر پاکستان اور ہندکے مابین مذاکرات کے دوبارہ آغازکی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ عمران خان نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ سارک سربراہ اجلاس جلد اسلام آباد میں ہوگا۔ ہندوستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ مودی کے عمران خان کو ٹیلی فون کے بعد ہندمیں مثبت دور کے آغاز کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ پرامید ہیں کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات مثبت ڈگر پر چل نکلیں گے۔ تحریک انصاف کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ہندوستانی ہائی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں مثبت دور کا آغاز ہوگا۔ ہندوستانی ہائی کمشنر نے عمران خان کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے دستخط شدہ بیٹ بھی پیش کیا۔