حوثی اور حزب اللہ کے رضاکار ایران کا دم چھلا ہیں، خالد بن سلمان
ریاض.... امریکہ میں متعین سعودی سفیر شہزادہ خالد بن سلمان نے واضح کیا ہے کہ حوثیوں اور حزب اللہ نے عرب ممالک میں ایران کی اسٹراٹیجی کو عملی جامہ پہنایا۔ انہوں نے ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر تحریر کیا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل ناصر شعبانی نے انتہائی بے باکی کیساتھ اعتراف کیا ہے کہ ایرانی نظام حکومت ہی نے بحر احمر میں سعودی آئل ٹینکرز پر حملے کا حکم حوثیوں کو دیا تھا۔ حقیقت یہی ہے کہ حوثی اور حزب اللہ ایران کی حکمت عملی کی جڑیں راسخ کررہے ہیں۔ خالد بن سلمان نے یہ بھی کہا کہ ایک بار سے زیادہ بار یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ حوثی ایرانی نظام حکومت کے پیرو کار ہیں۔ ایرانی ہی انہیں جس طرح چاہتے ہیں چلا رہے ہیں۔ یمن کے غیور عوام یہ بات کیسے برداشت کرسکتے ہیں کہ وہ ایرانیوں کے ہاتھ میں کھلونا بنیں اور ایران کی حکمت عملی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے کیونکر پیش کریں۔ یمن ایران نہیں بلکہ عرب دنیا کا حصہ ہے۔