وہ دکانیں جن میں غیر ملکی کام کرسکتے ہیں، وزارت محنت نے بتادیا
ریاض .....وزارت محنت و سماجی بہبود نے واضح کیا ہے کہ ریٹیل کے جن 12شعبوں کی 70فیصد سعودائزیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں تارکین وطن اشیائے صرف فروخت کرنے والی دکانوں، جڑی بوٹیوں، بقالوں، ریستورانوں اور قہوہ خانوں پر کام کے مجازہونگے۔ فرنیچر سازی کے کام میں بھی حصہ لے سکیں گے۔ اس حوالے سے بھی ا ن پر پابندی نہیں ۔ وزارت نے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ فی الوقت بیٹریاں ، ٹائر ، پرانے فاضل پرزے، پنکچر، ورکشاپوں، گاڑیوں کے آئل فروخت کرنے او رگاڑیوں کا آرائشی سامان بیچنے والی دکانوں پربھی غیر ملکی ملازمت کرسکتے ہیں۔ فی الوقت سعودائزیشن سے فارمیسیاں بھی خارج ہیں۔ مردانہ ملبوسات سینے والی دکانیں بھی سعودائزیشن میں شامل نہیں۔ البتہ مردانہ ملبوسات فروخت کرنے والی دکانوںکی سعودائزیشن کا فیصلہ حتمی ہے۔ڈیکوریشن اور ڈیزائن والی دکانیں بھی سردست سعودائزیشن سے آزاد ہیں۔ڈونٹس اور آئسکریم فروخت کرنے والی دکانوں میں بھی غیر ملکی کام کرسکتے ہیں۔ وزارت محنت نے مذکورہ وضاحتیں اپنی ویب سائٹ پر کثرت سے موصول ہونے والے استفسارات کے جواب میں جاری کی ہیں۔