محمد حفیظ بدستور دنیا کے تیسرے آل راونڈر
دبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر محمد حفیظ آئی سی سی کی جاری کردہ ون ڈے کرکٹ کے ٹاپ آل راونڈرز کی فہرست میں بدستور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ میں شکیب الحسن پہلے، محمد نبی دوسرے، محمد حفیظ فہرست میں بدستور تیسرے، مچل سینٹنر چوتھے اور اینجلیو میتھیوز پانچویں نمبر پر ہیں۔ زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز میں ایک بھی میچ نہ کھیل پانے والے محمد حفیظ مستقبل کا کوئی واضح فیصلہ نہیں کر پا ر ہے۔حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے انہیں سینٹرل کنڑیکٹ کی ”اے“ سے ”بی“ کیٹیگری میں بھیج دیا گیا ہے جس سے آل راونڈر کے ریٹائر ہونے کی خبریں بھی سامنے آئیں مگرچیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی جانب سے وضاحت کے بعد انھوں نے کیٹیگری کی پروا کئے بغیر ملک کی خدمت جاری رکھنے اور پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ رہنے کا بیان دیا تھا۔