مکہ مکرمہ ..... 2روزہ عظیم حج سیمینا ر کے شرکاءنے سفارش کی ہے کہ اسلام کا پیغام امن و محبت دنیا بھر میںپھیلایا جائے۔ داعیان کرام حج کے دوران امن و سلامتی کا پرچار زور و شور سے کریں۔ روا داری سے متعلق اسلامی اقدار کو روشناس کرائیں۔ عظیم حج سیمینار کا اہتمام وزارت حج و عمرہ نے کیا تھا۔ افتتاح بدھ کو ہوا تھا۔ جمعرات کو اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کرکے اہم سفارشات پیش کی گئیں۔ اس میں مسلم دنیا کی 200سے زیادہ ممتاز شخصیتوں ، علماء، دانشوروں اور ادیبوں نے شرکت کی۔ سیمینار کے شرکاءنے تمام قوانین و ضوابط کے سلسلے میں قرآن و سنت کو سند بنانے کے سعودی طریقہ کار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہی طریقہ دنیا بھر کے ممالک کو اپنانا چاہئے۔ انہوں نے اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان او رولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پیغام اور مساعی کی تعریف کی۔ انہوں نے علماء، مبلغین او رطلباءکو اتحاد و اتفاق ، میانہ روی اور امن و امان کا پرچار کرنے کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ سیمینار کے شرکاءنے اس امر پر بھی زور دیا کہ حجتہ الوداع کے موقع پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے تاریخی خطبے میں شامل امو رکو نافذ کیا جائے۔ امن و سلامتی او راتحاد و اتفاق کو موثر بنانے کیلئے نظام تعلیم و تربیت میں یہ مضمون شامل کیا جائے۔ شرکاءنے سعودی قیادت اور وزیر حج کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شعائر حج کی تعظیم اشد ضروری ہے۔ حج کی مصلحتوں اور مقاصد سے متعلق عالمی علمی انسائیکلو پیڈیا کے اجراءاور دنیا کی مختلف زبانوں میں اسکے ترجمے کی بھی سفارش کی گئی۔ انہوں نے حج موسم سے فائدہ اٹھا کر امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے پرسکون فکری مکالمے پر بھی زور دیا۔