بعض حجاج طائف اور بدر کے علاوہ دیگر شہروں میں جاتے ہیں جو خلاف قانون ہے ، جدہ جانے کی صورت میں حج مشن سے اجازت حاصل کیجائے، ڈی جی پاکستان حج مشن
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹریٹ جنرل جوازات نے کہا ہے کہ حجاج کرام مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اور جدہ کے علاوہ دیگر شہروں میں نہ جائیں ۔ محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کی جانب سے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر دنیا بھر سے آنے والے حجاج کرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے آنے والے حجاج کرام فریضے کی ادائیگی کے بعد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جا سکتے ہیں جدہ کیونکہ ایئر پورٹ ہے اس لئے وہاں بھی جایا جاسکتا ہے تاہم دیگر شہروں میں انہیں جانے کی اجازت نہیں ۔ خلاف ورزی پر قانونی چارہ جوئی کی جاسکتی ہے ۔ واضح رہے حج سے قبل چند عازمین حج جو طائف چلے گئے تھے انہیںواپسی پر الکر کی چیک پوسٹ پر متعین اہلکاروں نے روک لیا تھا کیونکہ طائف سے بین الاقوامی پروازوں کے ذریعے عازمین حج کی آمد و رفت نہیں ہوتی اس لئے جوازات کے اہلکاروں نے انہیں روکا بعدازاں سفارتخانے کی مداخلت اور اس یقین دہانی پر انہیں رہا کیا گیا ۔ اس ضمن میں پاکستانی حج مشن کے ڈائریکٹر جنرل نے بھی پاکستانی حجاج کرام کو ہدایت کی ہے کہ وہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ کسی دوسری جگہ نہ جائیں ۔ بعض حجاج کرام مدینہ منورہ میں مقام بدر اور دیگر مقاما ت پر چلے جاتے ہیں جس سے حج مشن کو دشواری کا سامناکرنا پڑتا ہے جو مقامی قوانین کے بھی خلاف ہے ۔ جدہ جانے کے سوال پر ڈائریکٹر جنرل پاکستان حج مشن کا کہنا تھاکہ جو حجاج کرام اپنے اہل خانہ سے ملنے کے لئے جدہ جانا چاہتے ہیں انہیں چاہئے کہ حج مشن سے اس امرکی باقاعدہ اجازت لیں اور تاکہ کسی بھی مشکل صورتحال میں انہیں امداد فراہم کی جاسکے ۔