یوپی حکومت کے 3پائلٹوں کا اجتماعی استعفیٰ
لکھنؤ۔۔۔۔یوپی حکومت کے 3پائلٹوں نے ایک ساتھ استعفیٰ دیدیا ہے۔ کملیشور سنگھ، جی پی ایس والیااور پروین کشور کے مستعفی ہونے کے اسباب کا علم نہیں ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق ریاست میں حکومت تبدیل ہونے کے بعدبعض پائلٹ کام میں دلچسپی نہیں لے رہے تھے ۔ پائلٹوں کی جانب سے اس بات کا انکشاف ہوا کہ انہیں کسی پرائیویٹ کمپنی میں اعلیٰ ملازمت مل گئی ہے۔یوپی حکومت کے پاس 3ہیلی کاپٹر اور 3طیارے ہیں۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ مسلسل دورے پر رہتے ہیں ۔ گورنر رام نائک اور دونوں ڈپٹی وزیر اعلیٰ کے اکثر و بیشتر دورے ہوا کرتے ہیں۔ریاستی حکومت کے پاس 7پائلٹوں میں سے 3نے استعفیٰ دیدیا اب 4پائلٹس حکومت کے پاس موجود ہونے سے بڑا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ کے وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز ہوتے ہی پائلٹوں کے ٹھاٹ باٹ اور بے دریغ اخراجات پر پابندی عائد کردی گئی ۔ واضح ہو کہ اکھلیش حکومت میں جب پائلٹ طیارہ لیکر وزیر اعلیٰ کے دورے پر جایا کرتے تو انہیں عالیشان ہوٹلوں میں ٹھہرایا جاتا اور دیگر مراعات سے بھی نوازا جاتا لیکن یوگی کے اقتدار میں آتے ہی ان پائلٹوں کو سرکاری گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرایا جانے لگا۔ وزیر اعلیٰ کے مسلسل دورے پر جانے سے ان کی ڈیوٹی میں اضافہ ہوگیا۔ لکھنؤ میں رہنے پر پائلٹوں کو فائیو اسٹار ہوٹلوں میں قیام کا موقع مل جاتا تھا لیکن یوگی حکومت میں انہیں سرکاری گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرنا پڑرہا تھاجس سے تینوں پائلٹ نالاں تھے۔ ان کے اجتماعی استعفوں پرابھی تک کوئی حکومتی بیان سامنے نہیں آیا۔