بکریاں بھی چہرہ شناس ہوتی ہیں، فرانسیسی ماہرین
پیرس.... مقامی ماہرین حیوانات نے مختلف جانوروں کی ذہنی صلاحیت کا تجزیہ کرنے کے دوران یہ نتیجہ اخذ کیا کہ بکریاں بھی انسانی چہرے اور مختلف چیزوں کو پہچان سکتی ہیں۔ ماہرین کا کہناہے کہ زیر تجربہ بکریوں کو بہت ساری ایسی تصاویر دکھائی گئیں جن میں کچھ لوگ قہقہے لگاتے نظرآرہے تھے کچھ مسکرا رہے تھے اور باقی افراد غمزدہ اور پریشان نظر آرہے تھے ۔ یہ تمام تصاویر بکریوں کو باری باری دکھائی گئیں تو پتہ چلا کہ بکریاں ہنس مکھ اور خوش و خرم رہنے والے افراد کے چہروں اور غمزدہ لوگوں کے چہر وں میں واضح فرق کو اچھی طرح سے محسوس کرتی ہیں۔ تجربے کے دوران ایک بکری کو ایک ہی شخص کی 2مختلف تصاویر دکھائی گئیں جن میں سے ایک میں وہ مسرور نظرآرہا تھا جبکہ دوسرے میں ناراض تاہم وقفے وقفے سے دکھائی جانے والی دونوں تصاویر میں موجود شخص کو اس بکری نے صاف طور پر شناخت کرلیا۔ بکریوں پر کئے جانے والے اس تجربے میں تقریباً 20پالتو بکریا ں شامل تھیں۔ یہ تحقیقی رپورٹ مرتب کرنے میں فرانس کے علاوہ دیگر ممالک کے ماہرین بھی شامل ہیں۔