الجوف ، ریاض.... وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے تفتیشی مہم جاری ہے ۔ مملکت کے مختلف شہروں میں قانون محنت کی خلاف ورزیوں پر متعدد غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا ۔ عاجل ویب نیوز کے مطابق الجوف کمشنری میں وزارت محنت کی ریجنل تفتیشی ٹیم کے ڈائریکٹر عبدالمجید العنزی نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صالونوں پر غیر قانونی طور پر کام کرنے والے 32افراد کو گرفتار کیا گیا جو قانون محنت کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تھے ۔ گرفتار شدگان کے خلاف مقدمہ دائر کرکے انہیں متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیا گیا جہاں انکے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی ۔ دوسری جانب ریا ض شہر میں وزارت کے ریجنل ڈائریکٹر یوسف السیالی نے بتایا کہ گزشتہ 2 ہفتوں میں وزارت کی تفتیشی ٹیموں نے شہر کے مختلف مقامات پرچھاپے مارے جہاں متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کرتے ہوئے 238 چالان اور 319 دکانوں اور تجارتی اداروں کو انتباہی نوٹس جاری کئے گئے جن پر خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ السیالی نے مزید کہا کہ وزارت محنت کی جانب سے سعودائزیشن کے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرایا جارہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں سعودی نوجوانوں کو روزگار مہیا کیاجاسکے ۔ جن اداروں اور دکانوں کے خلاف چالان کئے گئے ان میں موبائل سیکٹرکے علاوہ زنانہ ملبوسات کی دکانیں شامل تھیں جن پر غیر ملکیوں کے کام کرنے پر پابندی عائد ہے ۔ وزارت محنت کی جانب سے گزشتہ ایک برس سے موبائل سیکٹر کو مکمل طور پر سعودی شہریوں کے لئے مخصوص کیا گیا ہے جس میں غیر ملکیوں کے کام کرنے پر پابندی عائد ہے ۔ موبائل کی دکانوں میں اصلاح و مرمت کے کام کےلئے سعودیوں کو تربیت فراہم کی گئی ہے جس کے بعد اس شعبے میں مکمل طور پر سعودائزیشن کی گئی ۔ موبائل سیکٹر میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے جبکہ دکان بھی مستقل طور پر سیل کردی جاتی ہے ۔ ایسے افراد کو مملکت میں بلیک لسٹ بھی کر دیاجاتا ہے جو قانون شکنی کے مرتکب ہوتے ہیں ۔