وزارت خزانہ کی تردید کے باوجود شوریٰ میں بحث
ریاض ....رکن شوریٰ ڈاکٹر محمد آل عباس نے واضح کیا ہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے تارکین وطن کی ترسیل زر پر فیس مقرر کرنے کی اطلاع کی تردید کے باوجود ارکان شوریٰ ترسیل زر پر فیس عائد کرنے کی تجویز پر بحث کرینگے۔ سابق رکن شوریٰ حسام العنقری ترسیل زر پر فیس مقرر کرنے کی تجویز پیش کئے ہوئے ہیں۔ آل عباس نے عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مجلس شوریٰ خود مختار ادارہ ہے۔ اسکے کام کا اپنا انداز ہے۔ وزارت خزانہ نے جو بیان جاری کیا ہے شوریٰ کو اس سے کوئی غرض نہیں۔ تجویز کا مقصد غیر ملکی کارکنان کو اپنی مالی بچت، اندرون مملکت خرچ کرنے یا بچت کی سرمایہ کاری کی ترغیب دینا ہے۔ علاوہ ازیں اسکا ایک ہدف یہ بھی ہے کہ غیر قانونی طریقے سے تارکین کو اندرون ملک کمائی کے مواقع مہیا نہ ہوں۔