مولانا رحیم الدین انصاری اردو اکیڈمی تلنگانہ کے چیئرمین نامزد، محبان اردو کی مبارکباد
وزیراعلیٰ تلنگانہ سے اظہار تشکر ،نئے چیئرمین سے اردو کو ریاست ہی نہیں پورے ہندوستان میں فروغ دینے کے آرزو مند ہیں،مملکت میں مقیم محبان اردو
جدہ ( امین انصاری )ریاست تلنگانہ وزیر اعلی کے چندر شیکھر راﺅ کی جانب سے مولانا محمد رحیم الدین انصاری کو تلنگانہ اردو اکیڈمی کا چیئرمین نامزد کرنے پر سعودی عرب میں مقیم محبان اردواور ریاست تلنگانہ کے این آرا ٓئیز نے مولانا محمد رحیم الدین انصاری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راﺅ سے اظہار تشکر کیا اور اس اقدام کو مستحسن قرار دیا ۔اس موقع پر صدر مجلس اتحاد المسلمین اسد الدین اویسی سے بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے مولانا رحیم الدین انصاری کا نام حکومت تلنگانہ کو پیش کیا۔ مدینہ منورہ ، ریاض ، دمام ، الخبر ، جبیل ، جدہ ، مکہ مکرمہ میں مقیم ہزاروں محبان اردو نے مولانا رحیم الدین انصاری کو ٹیلیفون کرکے مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ اپنی فراست اور حکمت عملی سے اردو کو ریاست ہی نہیں بلکہ پورے ہندوستان میں اہم مقام دلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ مختلف تنظیموں کے صدور و اراکین نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا رحیم الدین انصاری کی چیئرمین شپ میں اردو کو نہ صرف فروغ ملے گا بلکہ اس کی نئی بستیاں بھی قائم ہونگی ۔نجی اداروں اور سرکاری اداروں میں بھی اردو کی ترویج کیلئے اکیڈمی اہم اقدامات کرے گی ۔ حکومت تلنگانہ نے جو اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ دیا ہے اردو اکیڈمی آپ کی صدارت میں نافذکروائے گی ۔ مبارکباد دینے والے صدر گلوبل بزم اتحاد احمد الدین اویسی ،صدر بزم عثمانیہ و انڈین کلچرل سوسائٹی جدہ ، عارف قریشی ، صدر ، ایس آئی ایس سی ایف ،عثمان بن محفوظ، نائب صدر بزم اتحاد ،عبید الرحمان و جنرل سیکریٹر یوسف الدین امجد ،ایڈوائزر بزم حسن بایزید ،ٹرسٹی خاک طیبہ ٹرسٹ ،سید خواجہ وقار الدین ، صدر اردو گلبن مہتاب قدر، صدر و نائب صدر تلنگانہ این آر آئی فورم ، محمد عبدالجبار و محمود مصری ، صدر گلوبل این آر آئی ، عظمت علی عمران ، نائب صدر نور ایجوکیشنل سوسائٹی ، خالد حسین مدنی ، و جنرل سیکریٹری محمد لیاقت علی خان ، جنرل سیکریٹری اردو اکیڈمی ، سلیم فاروقی ، صدر تلنگانہ این آر آئیز ویلفیئر ایسوسی ایشن مدینہ منورہ ، ڈاکٹر عبدالجبار ،عاصم انصاری ، عبدالقدیر قریشی ، عبدالرحمان بیگ ،نورالدین سلیم ، محمد جاوید اور دیگر تنظیموں کے سربراہان نے کہا کہ رحیم الدین انصاری دوسری مرتبہ اکیڈمی کے چیئرمین منتخب ہوئے ان کے پہلے دور میں اردو کو بے پناہ فروغ ملا ۔ بے شمار شعراءکے مجموعوں کی اشاعت اردو ہال عمارتوں کی تعمیر ، اردو لائبریریوں کا قیام ، اردو اور دینی مدارس میں کمپیوٹرز کی تقسیم ،وظائف، ای ٹی وی پر ایک سال تک روزانہ ایک گھنٹہ " آﺅ اردو سیکھیں " پروگرام شروع کرانا ، اردو اکیڈمی کا بجٹ 36 کروڑ کروانا ،40 کمپیوٹر سنٹرز کا قیام قابل ذکر ہے ۔