شامی، فلسطینی پناہ گزینوں اور شمالی لبنان میں مقامی کمیونٹی کے ضرورت مند افراد میں روٹی کے ایک لاکھ 75 ہزار پیکٹ تقسیم کیے گئے، جس سے ایک لاکھ 25 ہزار افراد کو فائدہ پہنچا۔
سعودی ایجنسی نے پاکستان کے صوبے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں دو ہزار 300 فوڈ باسکٹس تقسیم کیں، جس سے 14ہزار 227 افراد نے فائدہ اٹھایا۔
شام میں زلزلے سے متاثرہ علاقے ادلب گورنریٹ میں متاثرہ خاندانوں میں 747 فوڈ پارسل اور 747 ہیلتھ کیئر کٹس تقسیم کی گئیں، اس امداد سے 4 ہزار 482 متاثرین کو فائدہ ہوا۔
یہ اقدام سعودی ایجنسی کے جاری منصوبے کا حصہ ہے، جس کے تحت شمالی شام میں حالیہ زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کی جارہی ہے۔
شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے 106 ممالک میں 3135 منصوبوں پر کام کیا جن کی مجموعی مالیت 7 ارب 144 ملین ڈالر سےتجاوز کرچکی ہے۔
تعمیری منصوبوں میں یمن میں مسام پروجیکٹ اور جنگ میں جسمانی اعضا سے محروم ہونے والوں کےلیے مصنوعی اعضا کی فراہمی کا منصوبہ سرفہرست ہے۔
غزہ پٹی، لبنان کے علاوہ شام و ترکیہ کے زلزلہ زدگان، پاکستان میں سیلاب زدگان، یوکرین و سوڈان کے بحرانوں سے متاثرین کو امداد کی فراہمی سعودی امدادی ایجنسی کے نمایاں فلاحی کام ہے۔