سعودی عرب کی مسجد اقصی کے کمپاونڈ پر اسرائیلی آباد کاروں کے حملے کی مذمت
اتوار 29 دسمبر 2024 20:50
عالمی برادری ان خلاف ورزیوں کےلیے اسرائیل کو جوابدہ ٹہرائے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت خارجہ نے اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور پولیس کے تحفظ میں مسجد اقصی کمپاونڈ میں اسرائیلی آباد کاروں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت نے بیان میں اسرائیل کی جانب سے بین الااقوامی قوانین کی مسلسل کھلی خلاف ورزیوں اور مسجد اقصی کے تقدس پر کیے جانے والے متواتر حملوں کی مذمت کی۔
سعودی عرب نے یروشلم اور اس کے مقدس مقامات کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو متاثر کرنے والی ہر چیز کو واضح طور پر مسترد کیا۔
بیان میں بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ قابض اسرائیلی حکام کو اسلامی مقدس مقامات اور فلسطین میں بے گناہ شہریوں کے خلاف اس کی سنگین اور جاری خلاف ورزیوں کےلیے جوابدہ ٹہرائے۔
علاوہ ازیں رابطہ عالم اسلامی نے مسجد اقصیٰ کے کمپاونڈ میں اسرائیلی حکومت کی حمایت سے آبادکاروں کے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
ایک بیان میں سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علما کونسل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے ان مجرمانہ اقدامات کی شدید مذمت کی جو اسلامی مقدسات کے خلاف کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ’ یہ اقدامات دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔مذہبی وانسانی اقدار اور روایات کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔‘