Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کامیاب حج انتظامات سعودی عرب کی پہچان بن گئے ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد.... پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے شاندار اور کامیاب حج موسم پر سعودی عرب کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی زیر قیادت حجاج کو اسلام کے پانچویں رکن حج کے مناسک سہولت و آسانی سے ادا کرنے کا موقع فراہم کرنے کیلئے غیر معمولی تیاریاں کرتا ہے۔ کامیاب حج موسم سعودی عرب کی پہچان بن چکا ہے۔ انہوں نے سعودی خبررساں ادارے سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کسی بھی طاقت کو حرمین شریفین کو زک پہنچانے اور مملکت کی خودمختاری اور امن و سلامتی کو متاثر کرنے کی کسی قیمت پر اجازت نہیں دیگا۔ سعودی عرب پر حملہ پاکستان پر حملہ شمار کیا جائیگا۔ سعودی عرب ، پاکستان کا اہم شریک ہے۔ دونوں ملکوں کے تعلقات گہرے اور دیرینہ ہیں۔ مستقبل میں مزید مضبوط اور نئی جہتوں سے آشنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات اسٹراٹیجک نوعیت کے ہیں۔ آئندہ مزید مستحکم ہونگے۔پاکستانی حکومت اورعوام حرمین شریفین کی توسیع اور خدمت کے حوالے سے شاہ سلمان کی مساعی کو انتہائی قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔دونوں ملکوں میں اطلاعات کی وزارتیں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گی۔ سیاسی، عسکری، ابلاغی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید بہتر ہونگے۔ انسداد دہشتگردی کے اسلامی فوجی ا تحاد میں شمولیت کے بعد سے مملکت اور پاکستان کے تعلقات بہت زیادہ اچھے ہوئے ہیں۔فواد چوہدری نے توجہ دلائی کہ ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا پیش کردہ سعودی وژن 2030ہر لحاظ سے سعودی عرب کی پختہ سیاسی سوچ کا غماز ہے۔سعودی وژن 2030اسلامی دنیا کا قافلہ سالار ثابت ہوگا۔ اسلام کی میانہ روی، رواداری اور پرامن بقائے باہم کی اقدار کی ترویج کریگا۔ پوری دنیا ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اسلامی دنیا کے نوجوانوں کے لئے مشعل راہ اور عالمی سطح پر الہامی رہنما کی حیثیت سے دیکھ رہی ہے۔ 
 

شیئر: