جموں وکشمیر: ایس پی وید کاتبادلہ ،دلباغ سنگھ عبوری پولیس سربراہ مقرر
سری نگر۔۔۔۔جموں وکشمیر کے نو منتخب گورنر ستیہ پال ملک نے ڈاکٹر شیش پال وید کو تبدیل کرکے ان کی جگہ 1987 بیچ کے آئی پی ایس افسر دلباغ سنگھ کو ریاست کا عبوری پولیس سربراہ مقررکردیا۔ریاستی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ حکم ناموں کے مطابق 1986 بیچ کے آئی پی ایس افسر ڈاکٹر ایس پی وید کو تبدیل کرکے ٹرانسپورٹ کمشنر تعینات کیا گیا ہے۔ دریں اثنا ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ڈاکٹر وید کی تبدیلی اور دلباغ سنگھ کی پولیس سربراہ کے عہدے پر تعیناتی کے اقدام پر سوالات اٹھاتے ہوئے ٹویٹر پر تحریر کیا کہ ڈی جی کو تبدیل کرنا انتظامیہ کے حد اختیار میں ہے لیکن نئے ڈی جی کی عبوری تعیناتی کیوں؟ نئے ڈی جی نہیں جانتے کہ وہ پولیس سربراہ بنے رہیں گے یااضافی چارج سے فارغ کئے جائیں گے۔یہ جموں وکشمیر پولیس کے لئے مناسب نہیں۔ انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں تحریرکیا کہ ایس پی وید کو تبدیل کرنے کی کوئی جلدی نہیں تھی۔ مستقل انتظام کئے جانے تک تبدیل نہیں کیا جانا چاہیے تھا۔ پولیس سربراہ ڈاکٹر وید نے اپنے ایک ٹویٹ میں تحریرکیا کہ میں شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اپنے لوگوں اور ملک کی خدمت کرنے کا موقع دیا۔ جموں وکشمیر پولیس، سیکورٹی ایجنسیوں اوراہالیان جموں وکشمیر کا شکر گزار ہوں۔ نئے ڈی جی پی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔