اسکول کے بچوں کا دلت خاتون کے ہاتھ کا بنا ہوا کھانا کھانے سے انکار
لکھنؤ۔۔۔۔اتر پردیش کے ضلع سیتا پور میں پرائمری اسکول کے بچوں نے دلت خاتون کے ہاتھ سے تیار کردہ کھانا (مڈ ڈے میل) کھانے سے انکار کردیا۔یہ واقعہ پلہاریاکا ہے جہاں یادو اور برہمن ذات کے لوگ کثیر تعداد میں آباد ہیں۔دلت خاتون کے ہاتھوں بچوں کیلئے اسکول میں کھانا بنانے کی اطلاع گاؤں میں پہنچتے ہی ان کے سرپرستوں نے اس کی مخالفت کی۔ اطلاع کے مطابق اسکول کے 76بچوں میں سے صرف 6بچوں نے دلت خاتون کے ہاتھوں تیارکردہ مڈ ڈے میل کھایا۔اس سے قبل یادو برادری کی خاتون کھانا پکایا کرتی تھی۔اس سلسلے میں اسکول پرنسپل کا کہنا ہے کہ انہوں نے تمام سرپرستوں کومطمئن کرنے کی کوشش کی مگر کسی نے توجہ نہیں دی۔ اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے سابق آئی پی ایس افسر اور سماجی کارکن ایس آر دارا پور نے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ سماجی طور سے پسماندہ طبقے کے لوگوں کو مڈ ڈے میل بنانے کیلئے رکھاجائے جس سے بچوں کے ذہن سے ذات پات کا فرق ختم کیا جاسکے۔