Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مبلغین اختلافات سے دور رہیں، گمراہ جماعتوں کو طشت ازبام کریں، مفتی اعلیٰ

ریاض.... سعودی عرب کے مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے مبلغین اور علماءسے کہا ہے کہ وہ اختلافات اور تعصبات سے بالا ہو کر دعوت و تبلیغ کا کام کریں۔ گمراہ جماعتوں کو طشت ازبام کرنے پر توجہ مبذول کریں۔ اتحاد بین المسلمین کو اپنا مشن بنائیں۔ سوشل میڈیا سے عوام الناس میں پیار ، محبت ، الفت اور مودت ، ہم آہنگی اور ہم سازی کاکام لیں۔ مفتی اعلیٰ نے کہا کہ مبلغین کو عقائد و افکار اور علمی اصولوں کی تربیت دی جائے ۔ انہیں میانہ روی کی اہمیت سے آشنا کیا جائے۔ انہیں دعوتی عمل کی صراط مستقیم سے منحرف ہونے سے بچانے کا اہتمام کیا جائے۔ مفتی اعلیٰ نے خبردار کیاکہ گمراہ کرنے والے گروپوں اور جماعتوں سے ہوشیار رہا جائے۔ یہ جماعتیں قرآن و سنت کے مقرر کردہ اسلامی نظام سے منحرف ہیں۔ انکا مقصد ذاتی اور جماعتی مفادات کے حصول کے سوا کچھ نہیں۔ یہ مسلمانوں میں تفرقہ پیدا کررہی ہیں اور انتشار کی طرف لیجارہی ہیں۔ سوشل میڈیا 2دھاری تلوار ہے۔ اس کے فوائد بھی ہیں اور نقصانات بھی۔ ہوش مند مبلغ وہی ہوتا ہے جو اسلام کے اصول و قواعد کو سمجھ کر کام کرے۔مفتی اعلیٰ نے الجزیرہ اخبارکو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مبلغین کتاب و سنت سے وابستگی کی دعوت دیں، توحیدخالص پر لوگوںکو لائیں ، شرک اور مشرکانہ رسم و رواج سے دور رکھنے کا اہتمام کریں۔ مفتی اعلیٰ نے کہا کہ مبلغین کی ذمہ داری ہے کہ وہ دعوتی ترجیحات متعین کریں۔ انتہا پسندی اور شدت پسندی کی مزاحمت ترجیحی بنیادوں پر کریں۔ والیان ریاست کی تابعداری ، بدامنی سے اجتناب ، عوام میں خوف و ہراس پھیلانے والی سرگرمیوں سے پرہیز کریں۔ 
 

شیئر: