Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ساف کپ: پاکستان کو 1-3سے شکست،ہند فائنل میں پہنچ گیا

 
ڈھاکا:ساوتھ ایشین فٹبال (ساف) چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں ہند نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 3گول سے شکست دیدی۔ ہند کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی جہاں اس کا مقابلہ مالدیپ سے ہوگا۔پاکستان فٹبال ٹیم 13 سال بعد ساف چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کااعزاز حاصل کیا تھا جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف ہند سے ہورہا تھا۔پاکستان ٹیم کے کپتان صدام حسین بھرپور جدوجہد کرنے کے باوجود بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے۔میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر کئی حملے کئے تاہم کسی کو کامیابی نہ ملی۔ دوسرے ہاف میں من ویر سنگھ نے 48 ویں منٹ میں گول کر کے ہند کو برتری دلا دی انہوں نے 69 ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے برتری مضبوط کرنے میں کردار ادا کیا۔ پاکستان ٹیم نے اس برتری کو ختم کرنے کی کوشش کی تاہم سخت جدوجہد کے باوجود کامیابی نہیں ملی۔ ہندکی جانب سے 84 ویں منٹ میں سمیت پاسی نے ایک اور گول کرکے اسکور 0-3کر دیا اور میچ کا رخ مکمل طور پر اپنی جانب موڑ لیا ۔ آخری لمحوں میں ہند کی ٹیم نے جارحانہ کھیل میں کمی دکھائی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کی جانب سے 88 ویں منٹ میں محمد علی دابوس نے ٹیم کی جانب سے واحد گول کردیا اور اختتامی اسکور کو 1-3کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ ہندوستان سیمی فائنل جیتنے کے بعد فائنل میں مالدیپ سے مقابلہ کرے گا۔ مالدیپ کی ٹیم سیمی فائنل میں نیپال کو صفر کے مقابلے میں 3گول سے ہرا کر فائنل میں پہنچی ہے۔ پاکستان نے اپنے گروپ میں نیپال اور بھوٹان کی ٹیموں سے میچزجیت لئے تھے تاہم بنگلہ دیش کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز" واٹس ایپ اسپورٹس گروپ"جوائن کریں

شیئر: