اقوام متحدہ میں بھر پور موقف پیش کرینگے،شاہ محمود
اسلام آباد.. وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہند کا امن بات چیت سے پیچھے ہٹنا افسوسناک ہے ۔لگتا ہے ملاقات سے انکار کی وجہ ہندکے اندرونی حالات ہیں۔ اب پاکستان جنرل اسمبلی اجلاس میں اپنا موقف بھرپور طریقے سے اجاگر کرے گا ۔وزیر خارجہ نے امریکہ جاتے ہوئے قطر میں مختصر قیام کیا۔ اس موقع پرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے تصفیہ طلب مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ پاک ،ہند مسائل کے حل سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی نئی رپورٹ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سمیت دیگر اجلاسوں اور ملاقاتوں میں ملک کا بھرپور موقف پیش کرینگے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ خارجہ پومپیو سے بھی ملاقات کا ایک اور موقع ملے گا جو کہ باہمی تعلقات میں اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔