”وطن عزیز پہ سب قربان“ آرمی چیف
راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک کی خاطر سب کچھ قربان کیا جا سکتا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ وطن کی حرمت اور سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے۔ دورے کے دوران آرمی چیف کو کمانڈنٹ کاکول اکیڈمی میجر جنرل اختر نواز ستی نے اکیڈمی کے مختلف پہلوﺅں پر تفصیلی بریفنگ دی اور کیڈٹس کی تربیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ محاذ پر وقار، نظم و ضبط اور وطن کی بے لوث خدمت کا جذبہ ہی پاک فوج کی قیمتی روایات کا حصہ ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ وطن کی حرمت اور سلامتی ہرچیز پر مقدم ہے جب کہ جوانوں کی فلاح وبہبود اس کے بعد اور افسروں کی سہولیات ہر بار سب سے آخر میں ہے ۔