کرکٹ ہیروز کی مایوس کارکردگی پر انکوائری کا مطالبہ
لاہور:سابق وکٹ کیپر کپتان وسیم باری نے ایشیا کپ میں ٹیم کی شرمناک کارکردگی پر انکوائری کرانے کا مطالبہ کردیا۔ پورے ٹورنامنٹ میں ہمارے نام نہاد ہیرو خوف کا شکار نظر آئے ۔ ان کی جانب سے جتنی محنت ہیئر اسٹائل بنانے اور کریمیں تھوپنے پر کی گئی اس سے آدھی محنت کرکے میچ جیتے جا سکتے تھے۔ انہوں نے کہا ٹیم کا اس طرح ناکام ہونا شکوک و شبہات کو جنم دے رہا ہے۔ اس لئے اس معاملے کی بھرپور چھان بین ضروری ہے۔ انہوں نے کپتان سرفراز سمیت سب کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سمیت تمام شعبوں میں ٹیم نے سر شرم سے جھکا دئیے جبکہ کھلاڑیوں نے ہیئر اسٹائل بنانے اور کریمیں تھوپنے پر زیادہ توجہ دی۔ گرین شرٹس کا شمار ایشیا کپ کی فیورٹ ٹیم میں کیا گیا لیکن کارکردگی دیکھ کر دل بہت دکھی ہوا۔ بنگلہ دیش کے خلاف 240 رنز کا ہدف بھی پاکستانی بلے بازوں نے پہاڑ بنادیا۔ وسیم باری نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں جب آپ ٹارگٹ کی طرف جاتے ہیں تو حکمت عملی کے ساتھ بیٹنگ کی جاتی ہے ہماری بیٹنگ میں کوئی منصوبہ بندی نظر نہیں آئی ۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں