آئی سی سی ورلڈ کپ میں افغانستان نے خطرے کی گھنٹی بجا دی
جمعرات 27 ستمبر 2018 3:00
دبئی:افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان اصغر افغان نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں اپنی کارکردگی سے تاریخ رقم کرنے کے بعد اب عالمی سطح پر نام کمانا چاہتے ہیں۔ گروپ مرحلے میں بنگلہ دیش کو 136رنز سے شکست اور سپر 4 مرحلے میں ہند کو اپ سیٹ کر کے میچ برابر کھیل کر افغان کرکٹ ٹیم نے اپنے عزائم کا اظہار کر دیا ہے۔کپتان اصغر افغان نے کہا ہے کہ ہم نے بڑی ٹیموں کے خلاف کارکردگی دکھا کر آئی سی سی ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کیلئے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے اور میگا ایونٹ میں سب کو حیران کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں افغانستان نے سری لنکا کو 91 رنز اور بنگلہ دیش کو 136 رنز سے شکست دی جبکہ سپر 4مرحلے میں ہمیں پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست ہوئی اور ان دونوں ٹیموں کو ٹف ٹائم دیا۔ ہمیں ورلڈ کپ میں پاکستان ، ہند، سری لنکا اور بنگلہ دیش سے میچ کھیلنے ہیں اس لئے اس ٹورنامنٹ سے ہمیں تیاری کا بھرپور موقع ملا ہے۔افغان کپتان کا کہنا تھا کہ ہندکے خلاف میچ میں ٹیم کی کارکردگی قابل فخر ہے تاہم خامیوں پر قابو پاکر ورلڈ کپ میں بھی بڑی ٹیموں کے لئے خطرہ بنیں گے۔اصغر افغان نے دعویٰ کیا کہ میری ٹیم دنیا کی تمام ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں