Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد بن سلمان کا دورہ تسلی بخش رہا، افواہیں پھیلانے والے بدخواہ ہیں، کویت

کویت..... کویتی دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ سعودی ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ کویت تسلی بخش رہا۔ اس کے برخلاف پھیلائی جانیوالی افواہیں من گھڑت ہیں۔ جو لوگ یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں وہ دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات میں بگاڑ پیدا کرنے او ردونوں ملکوں کے اعلیٰ مفادات کو زک پہنچانے کے در پے ہیں۔ دفتر خارجہ کے عہدیدار نے پیرکو اعلامیہ جاری کر کے سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ میں گردش کرنے والی افواہیں مغالطہ آمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ مذاکرات برادرانہ ماحول میں ہوئے۔ مشترکہ اعلیٰ مفادات پر توجہ مرکوز رکھی گئی۔ فریقین مشترکہ خلیجی جدوجہد کو آگے بڑھانے اور جی سی سی ممالک کے عوام کی امنگوں اور آرزوﺅں کو پورا کرنے کے طور طریقوں میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ دریں اثناءامیر کویت شیخ صباح الاحمد نے سعودی ولی عہد کے نام اپنے پیغام میں دورہ کویت کیلئے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم دورے سے دونوں برادر ممالک کے گہرے تاریخی رشتے مضبوط ہوئے ہیں اور زندگی کے مختلف شعبوں میں کویت اور مملکت کے مفادات کے حصول کی راہیں پیدا ہوئی ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے دورہ کویت کے موقع پر امیر کویت شیخ صباح الاحمد سے قصر بیان میں دوطرفہ تعلقات پر مذاکرات کئے تھے۔ دونوں رہنماﺅں نے دونوں ملکوں کے درمیان جامع تعاون کو آگے بڑھانے اور علاقائی اور بین الاقوامی مسائل و تبدیلیوں پر بات چیت کی تھی۔ کویتی خبررساں ایجنسی کی اطلاع کے مطابق امیر کویت نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دوسری جانب سعودی ولی عہد ّشہزادہ محمد بن سلمان کویت کا مختصر ترین دورہ مکمل کرکے سعودی عرب واپس پہنچ گئے۔ امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح نے انہیں ”قصر بیان“ سے رخصت کیا۔ کویت ایئرپورٹ کے شاہی ہال سے الوداع کہنے والوں میں کویتی ولی عہد شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح ، کویتی اسپیکر ، قائم مقام وزیراعظم و وزیر خارجہ اور شاہی خاندان کے افراد پیش پیش تھے۔ اس سے قبل امیر کویت نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں شاندار پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا تھا۔ 
 

شیئر: