بدھ 10اکتوبر2018ءکو سعودی عرب سے شائع ہونےوالے اخبار’ ’البلاد“ کا اداریہ
الجزیرہ چینل روز بروز واقعات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کے سلسلے میں اپنے گھناﺅنے کردار کے نت نئے ثبوت فراہم کررہا ہے۔ الجزیرہ چینل فتنوں کی آگ بھڑکانے والا کردار بے سوچے سمجھے اپنائے چلا جارہا ہے۔ اس نے انتہائی حساس خبروں کو انتہائی غیر پیشہ ورانہ بلکہ معاندانہ انداز میں پیش کرکے قطری نظام حکومت کی بدی کو طشت از بام کردیا۔
الجزیرہ چینل نے اپنی شروعات سے لیکر اب تک جو کچھ کیا ہے اُسے مد نظر رکھ کر یہ بات بلا خوف و تردید کہی جاسکتی ہے کہ اشتعال انگیزی اور ہمسایہ ممالک کو نقصان پہنچانے والی من گھڑت خبروں اور خود ساختہ رپورٹوں کے بغیر الجزیرہ کی تاریخ مکمل نہیں ہوتی۔
الجزیرہ سیٹلائٹ چینل مسلسل انحطاط کا مظاہرہ کررہا ہے۔ یہ الاخوان کے اہداف کی تکمیل ، خطے میں کشمکشوں کو پانی دینے اور لڑائی جھگڑے برپا کرکے انہیں انتہا تک پہنچانے کا طریقہ کار اپنائے ہوئے ہے۔ الجزیرہ نے تنازعات کو حل کرانے میں تعاون کے بجائے انہیں بڑھاوا دینے کی پالیسی اپنائی ہے جو ابلاغی پیغام کی ابجد تک کے منافی ہے۔ الجزیرہ چینل سیاہ صحافت کے خانے میں منفرد مقام بناچکا ہے۔