پٹنہ: جیل سے رہاہونیوالے بدمعاش کو گولیوں سے بھون ڈالا
پٹنہ۔۔۔۔بہارکے دارالحکومت پٹنہ میں چند افراد نے آزادانہ اسلحے کا استعمال کرتے ہوئے ویپل سنگھ کو گولیوں سے بھون ڈالا۔یہ واقعہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے کیلئے چیلنج سے کم نہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ نوبت پور علاقے میں خوف و ہراس کی علامت سمجھا جانیوالا ویپل سنگھ چند روز قبل پٹنہ جیل سے ضمانت پر رہا ہوکر آیا تھا۔ ویپل اپنے گھر سے نکل کر جارہا تھا کہ دانا پور کے کھگول ڈی اے وی اسکول کے قریب گھات لگائے بیٹھے بدمعاشوں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ گولیوں کے چلنے کی آواز سن کر علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور لوگ جمع ہوگئے اور زخمی حالت میں ویپل کو فوراًاسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیدیا۔پولیس نے نامعلوم حملہ آوروں کیخلاف رپورٹ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔