زیادتی کیس میں قید ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ کے باڈی گارڈ کی خود کشی
نئی دہلی۔۔۔۔زیادتی کیس معاملے میں جیل میں قید گرمیت سنگھ کی حفاظت پر مامور ہریانہ پولیس کے اہلکار رام سنگھ نے زہریلا مادہ کھاکر خود کشی کرلی۔ پولیس کے مطابق اس نے نجی معاملات سے تنگ آکر انتہائی قدم اٹھایا۔سرسا چوپٹا علاقے کے گاؤں شکر مندوری کے رہنے والے رام سنگھ کے بھائی نامدھاری نے پولیس کو بتایا کہ اس کا بھائی ہریانہ پولیس میں تعینات تھا اور ڈیرا سچا سودا کے سربراہ گرمیت سنگھ کے حفاظتی دستے میں شامل تھا۔ پنچکولہ پْرتشدد ہنگاموں میں اس کا نام آنے کے بعد سے وہ ذہنی پریشانی میں مبتلا ہوگیا تھا اور بچوں کے مستقبل کے بارے میں فکر مند رہنے لگا تھا۔گزشتہ روز رام سنگھ نے گاؤں کے قریب سے گزرنے والی انا نہر کے قریب زہریلا مادہ کھانے سے قبل بھائی کو فون کے ذریعے مطلع کیا تھا۔اطلاع پاکر بھائی اور اور اہل خانہ فوراً جائے وقوعہ پر پہنچے ۔اس وقت تک رام سنگھ کی حالت خراب ہوچکی تھی۔اسے ڈیرہ سچا سودا کے ستنام اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں دیر رات گئے دم توڑدیا۔چوپٹا پولیس کے اے ایس آئی ویجندر کمار نے بتایا کہ مرنیوالے کے پاس سے کوئی سوسائڈ نوٹ برآمد نہیں ہوا۔اس کے بھائی کے بیان کے مطابق واقعہ کی رپورٹ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی۔