Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ کیلئے حرمین ٹرین سروس شروع ہوگئی

مدینہ منورہ۔۔۔ 11اکتوبر جمعرات کو مدینہ منورہ سے رابغ میں کنگ عبداللہ اکنامک سٹی اور جدہ کے السلیمانیہ اسٹیشنوں سے گزرتے ہوئے حرمین ایکسپریس ٹرین نے باقاعدہ کمرشل سروس شروع کر دی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر رمیح بن محمد الرمیح نے جو اس تاریخی سفر کے موقع پر موجود تھے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں جدید ٹرانسپورٹ کی تاریخ کا یہ روشن باب ہے۔ اس پروجیکٹ سے منسلک ہر کارکن آج فخر اور خوشی محسوس کر رہا ہے۔ سعودی نوجوانوں نے حرمین ٹرین منصوبے کو کامیاب بنانے میں بڑا اہم کردار ادا کیا۔ حرمین ٹرین کا پہلا کاروان کیپٹن عبدالرحمان الشہری کی قیادت میں مدینہ منورہ سے روانہ ہوا۔ 2030کے اہداف کو مدنظر رکھ کر ریلوے منصوبے میں سعودی نوجوانوں کو شامل کیا گیا۔ الرمیح نے وعدہ کیا کہ حرمین ٹرینوں کی یومیہ تعداد میں تدریجی اضافہ ہوگا اور جلد ہی حرمین ٹرین ہفتے کے تمام ایام میں چلنے لگے گی۔ جدہ مدینہ سفر کا دورانیہ بھی رفتہ رفتہ کم ہو گا۔ ٹرین 2گھنٹے میں یہ سفر طے کرے گی جبکہ جدہ اور کنگ عبداللہ اکنامک سٹی سے گزرنے کی صورت میں اس کا دورانیہ 2.20گھنٹے ہو گا۔ شاہ سلمان نے 15محرم 1440ھ کو حرمین ٹرین کا افتتاح کر دیا تھا۔ یہ مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا ریلوے منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرین کے ٹکٹ براہ راست آن لائن خریدے جا سکیں گے۔ www.hhr.saیا ٹیلی فون نمبر 920004433پر رابطہ کر کے ٹکٹ خریدے جا سکیں گے۔ ٹکٹ 50فیصد رعایت پر مہیا ہوں گے۔ حرمین ٹرین پروجیکٹ کے ڈائریکٹر سعد الشہری نے بتایا کہ حرمین ٹرین جمعرات کو صبح 8بجے 417مسافر لے کر مکہ مکرمہ کیلئے روانہ ہوئی۔ صبح اور شام کی ٹرینوں کے تمام ٹکٹ بک ہو گئے تھے۔ اسی وقت مکہ سے مدینہ منورہ کیلئے بھی حرمین ٹرین روانہ ہوئی تھی۔ صبح 8 بجے سے لیکر رات 9بجے تک روزانہ آن لائن بکنگ کی جا سکتی ہے۔ 

شیئر: