سی بی آئی میں گھمسان، سینیئر افسر پر رشوت کا الزام
اتوار 21 اکتوبر 2018 3:00
نئی دہلی۔۔۔۔سی بی آئی نے ہائی پروفائل گھوٹالے کو دبانے کے معاملے میں اپنے سینیئرافسر کومورد الزام ٹھہراتے ہوئے اس کے خلاف رپورٹ درج کی۔اس واقعہ کے بعد سیاسی حلقوں میں سنسنی پھیل گئی۔اس معاملے میں سی بی آئی نے ابھی تک کوئی وضاحتی بیان جاری نہیں کیا۔یہ گھوٹالہ گوشت کے کاروبار سے متعلق ہے۔ اس کیس کو دبانے کے معاملے میں ایک دیگر تحقیقاتی ایجنسی کے اعلیٰ افسر کا نام منظر عام پر آیا۔ ایک اعلیٰ افسر نے اس معاملے میں اپنے سینیئرافسر کیخلاف کیس درج کرنے کی تصدیق کی۔ یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا جب محکمہ میں عہدو ں اور ذمہ داریوں کی بابت گھمسان کا معرکہ جاری ہے۔گزشتہ دنوں سی بی آئی کے اسپیشل ڈائریکٹر راکیش استھانا نے اپنے ہی ڈائریکٹر آلوک ورما کیخلاف حکومت سے شکایت کی تھی جس کے بعد سی وی سی نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی تھی۔ اس کے بعد سی بی آئی ڈائریکٹر نے بھی اپنے معاون پر گمبھیر الزامات عائد کئے تھے۔ راکیش استھانا نے سی وی سی کو خط ارسال کرکے الزامات کی تردید کی۔ذرائع کے مطابق راکیش استھانا نے حیدر آبادکے کسی شخص کا خط میں تذکرہ کرتے ہوئے تحریر کیا کہ سی بی آئی ڈائریکٹر نے اس شخص سے2کروڑ روپے کی رشوت لی۔واضح ہو کہ سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما اور راکیش استھانا کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے سرد جنگ جاری ہے۔ ورما پر الزام ہے کہ انہوں نے استھانا کی بطور اسپیشل ڈائریکٹر تعیناتی کی مخالفت کی تھی۔محکمہ جاتی ٹور پر جس وقت ورما بیرون ملک تھے تب بھی انہوں نے سی بی آئی کے نمائندے کے طور پر میٹنگز میں استھانا کی شرکت پر اعتراض کیا تھا۔