بجلی کی قیمت میں اضافہ‘ صارفین پر ڈھائی ارب کا اضافی بوجھ
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آتے ہی اچانک بڑھنے والی مہنگائی کی چکی میں پسنے والے شہریوں کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 20 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے جس کے نتیجے میں صارفین پر ڈھائی ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق نیپرا ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں سی پی پی اے کی درخواست پر بجلی کی قیمت بڑھانے سے متعلق سماعت ہوئی جس میں نیپرا کی جانب سے فی یونٹ قیمت 20 پیسے اضافے کی منظوری دی گئی جسے ستمبر کے مہینے کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے نیپرا حکام نے کہا ہے کہ سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں 44 پیسے اضافے کی درخواست دی تھی تاہم صرف 20 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ستمبر میں فرنس آئل کا زیادہ استعمال کیا گیا اگر ایل این جی اور کوئلہ کو استعمال کیا جاتا تو صارفین کو ریلیف ملتا۔