عنیزہ۔۔۔سعودی حکام نے عنیزہ میں مقامی لوگوں کے نام سے کھجوروں کا کاروبار کرنے والے پاکستانی شہری محمد عارف کلوا، وسیم عباس اسلام اور سوڈانی شہری صلاح وداعہ محمد پر جرمانہ کر دیا۔ 2مقامی اخبارات میں ان کے خلاف جاری ہونے والے فوجداری عدالت کا فیصلہ ان کے خرچ پر شائع کیا گیا۔ تینوں کو مملکت سے بیدخل کرنے او رآئندہ سعودی عرب واپس نہ آنے کی سزا سنا دی۔ وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ تینوں کی تشہیر کر دی گئی۔ بلیک لسٹ بھی کر دیا گیا۔ سعودی قانون کے بموجب یہ سعودی شہری کے نام سے نجی کاروبار کے مجاز نہیں تھے۔ ان پر الزام تھا کہ یہ نخلستانوں سے کھجوریں خرید کر عنیزہ شہر کی سنٹرل مارکیٹ میں فروخت کرتے ہیں۔ الزام ثابت ہونے پر ہی فوجداری کی عدالت نے انہیں جرمانے ، بیدخلی اور تشہیر کی سزا سنائی تھی۔ وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ سعودی کے نام سے کاروبار کرنے پر فریقین کو 2برس تک قید ، 10لاکھ ریال تک کے جرمانے اور تارک وطن کو بیدخلی کی سزا دی جاتی ہے جبکہ فریقین کی تشہیر دونوں کے خرچ پر مقامی اخبارات کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ جرمانہ ضبط شدہ سامان کی مجموعی قیمت پر 30فیصد وصول کیا جاتا ہے۔