ڈیسک پر بچے کو سلاکر ڈیوٹی دینے والی خاتون پولیس اہلکار
اتوار 28 اکتوبر 2018 3:00
لکھنؤ۔۔۔۔اتر پردیش کی خاتون پولیس اہلکار ارچنا سنگھ کی یہ تصویر ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ اس تصویر میں ارچنا اپنے 6ماہ کے بیٹے کو ڈیسک پر سُلاکر ڈیوٹی کے فرائض انجام دینے میں مصروف نظرآرہی ہیں۔ اس تصویر کے عام ہوتے ہی ڈی جی پی اوم پرکاش سنگھ نے سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے خاتون اہلکارکو یقین دہانی کرائی کہ ان کے آبائی شہر آگرہ کے نزدیک انہیں ڈیوٹی پر تعینات کیا جائیگا۔ خاتون پولیس اہلکار سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی جی پی نے انہیں ٹرانسفر کا حکم جاری کردیا۔واضح ہو کہ ارچنا جھانسی کوتوالی میں سپاہی کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ڈی جی پی اوپی سنگھ نے کہا کہ ہر پولیس لائن میں دارالاطفال کے قیام کی ضرورت ہے۔
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں