بہتر ہوگا آسیہ معاملے کا قانونی عمل مکمل ہونے دیا جائے‘ ترجمان پاک فوج
راول پنڈی: ڈی جی آئی ایس پی ار میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ آسیہ بی بی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے میں فوج کو گھسیٹنا افسوس ناک ہے۔ ذرائع کے مطابق ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ پوری امت مسلمہ کا حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا رشتہ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں امن، درگزر اور محبت کا درس دیتا ہے، ہمیں اسلامی تعلیمات اور قانون کو نہیں چھوڑنا چاہیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آسیہ بی بی کا کیس گزشتہ 10 سال سے عدالتوں میں چل رہا ہے ، اس کا فیصلہ بھی قانونی معاملہ ہے۔ بہترہوگا کہ آسیہ بی بی کے معاملے میں قانونی عمل کومکمل ہونے دیا جائے ، عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے خلاف مذہبی جماعتوں نے دھرنا دیا، ملک میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھی جائے اور چاہتے ہیں کہ صورتحال پرامن طریقے سے حل ہوجائے ۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ فوج کو ہر معاملے میں گھسیٹنا افسوسناک ہے۔ افواج پاکستان پچھلی 2 دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے ، ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے قریب ہیں اور ہماری توجہ نہ ہٹائی جائے۔ آئین اور قانون کے احترام کے ساتھ فوج کے خلاف بیانات سے گریز کیا جائے ۔