سعودی اور یمنیوں پر 120ہزار ریال جرمانہ
حائل۔۔۔۔سعودی وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے مقامی شہری کو اپنے نام سے 2یمنیوں کو کاروبار کرانے کا الزام ثابت ہوجانے پر عدالت کی جاری کردہ سزا نافذ کرادی۔تفصیلات کے مطابق حائل میں فوجداری کی عدالت میں مقدمہ پیش کیا گیا تھا کہ سعودی شہری عبدالہادی العنزی اپنے نام سے یمن کے عبدہ حمودفرحان اور رہیب عبدہ فرحان کو حائل شہر میں خوشبویات اور میک اپ کے سامان کا کاروبار کرائے ہوئے تھے۔ الزام ثابت ہوجانے پر ایک لاکھ 20ہزار ریال جرمانہ ، کاروبار بند کرنے ، تجارتی اجازت نامہ منسوخ کرنے سجل تجاری منسوخ کرنے، آئندہ یہ کاروبار نہ کرنے کی سزا سنا دی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں یمنیوں کو مملکت سے بیدخل کرنے اور آئندہ مملکت آنے پر پابندی بھی عائد کردی۔ عدالت نے یہ حکم بھی دیا کہ اس کا فیصلہ مقامی اخبار میں قانون تجارت کی خلاف ورزی کرنے والے تینوں افراد کے خرچ پر شائع کیا جائے۔وزارت تجارت نے ابتدائی اقدام کے طور پر عدالتی فیصلہ مقامی اخبارات میں شائع کرادیا۔