Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت: 6علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری، قصیم میںصنعتی علاقہ زیر آب

  قصیم۔۔۔ سعودی عرب کے 6علاقوں میں اتوار کو موسلا دھار بارش جاری رہی۔ ریاض ، قصیم ، مکہ مکرمہ، تبوک، عسیر اور جازان ریجنوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ تفصیلات کے مطابق قصیم ریجن میں موسلا دھار بارش سے عنیزہ کے صنعتی علاقے میں سیلاب کا ماحول بن گیا ، گاڑیاں ڈوب گئیں، ورکشاپ زیر آب آ گئے۔ متعدد  سعودیوں او رمقیم غیر ملکیوں کو  شہری دفاع کے اہلکار او رعام لوگوں نے زیرآب گاڑیوں سے نکالنے کی مہم انجام دی۔ مکہ مکرمہ میں 24گھنٹے کی بارشوں کے دوران 164شکایات شہری دفاع کے محکمے کو موصول ہوئیں۔ 3مقیم غیر ملکیوں کو جو سیلا ب میں پھنس گئے تھے نکال لیا گیا۔ مجموعی طور پر 20افراد پانی میں محصور ہو گئے تھے۔ انہیں امدادی کارروائی کر کے بچا لیا گیا۔ ریاض کی کمشنریوں صلبوخ، سلطانہ، تمیر، القرینہ ، ضرما، سدیر، المجعہ ، الزلفی، الغاط ، ارطاویہ، اشیقر اور شقراء میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ وادیاں برستا کے نالوں میں تبدیل ہو گئیں۔ مشرقی اللیث کے بنی یزید ، جدم اور الرھوہ علاقے پوری دنیا سے کٹ گئے۔ بجلی کے کھمبے گر جانے کے باعث بجلی گھروں نے کام کرنا بند کر دیا۔ مقامی شہریوں نے گیس سیلنڈر کے لئے گیس سروس سنٹر پر ہلہ بول دیا۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمارے ہاں جو سیلاب آیا ہے اس کی نظیر 20برس میں نہیں ملتی۔ پل بہہ گئے۔ سڑکیں کٹ گئیں۔ جدم تحصیل ، بنی یزید او رالرہوہ میں بہت زیادہ نقصان ہوا۔ دریں اثناء متعلقہ حکام نے کوہستانی علاقوں سے آنے والے سیلاب سے نمٹنے کیلئے الساحل جنوب اللیث روڈ بند کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کو املج، تبوک، جازان ، عسیرریجنوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ حفر الباطن میں بوندا باندی ہوئی۔  

شیئر: