Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

القصیم: شاہ سلمان نے 16ارب ریال کے 600منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھ دیا

بریدہ۔۔۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بدھ کو اہالیان قصیم کی جانب سے قصر الوادی میں دیئے گئے استقبالیے کے موقع پر 16ارب ریال لاگت کے 600منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر ولی عہد نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان،گورنر قصیم شہزادہ   ڈاکٹر فیصل بن مشعل، نائب گورنر شہزادہ فہد بن ترکی اور علاقے کے عمائدین کثیر تعداد میں موجود تھے۔ گورنر قصیم نے اس موقع پر استقبالیہ تقریر میں خادم حرمین شریفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا یہ دورہ قائد اعلیٰ اور عوام کے درمیان محبت اور الفت کے رشتوں کی تجدید کا عکاس ہے۔ شاہ سلمان نے یہاں جن منصوبوں کا افتتاح کیا ان میں سے 109کا تعلق تعلیم سے تھا۔ ان کی مجموعی لاگت 4ارب ریال تھی۔ سعودی ویژن 2030میں تعلیم کے فروغ کو اولین درجہ دیا گیا ہے۔ شاہ سلمان نے 1.34ارب ریال سے زیادہ لاگت کی شاہراہوں اور سڑکوں کا بھی افتتاح کیا۔ قصیم  کے باشندوں نے اپنے یہاں آنے پر شاہ سلمان سے گہرے تعلق کا پرجوش اظہار کیا۔ قصیم کی ساری سڑکیں ،میدان اور عمارتیں قومی پرچموں سے سجی ہوئی ہیں۔ اہم عمارتوں کو  برقی قمقموں سے منور کیا گیا ہے۔ خادم حرمین شریفین کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا گیا۔ تقریب کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا تھا۔ سعودی عرب کے حکمرانوں کا معمول ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً  تمام  علاقوں کے  دورے کر کے  وہاں کے عوام سے  ملاقاتیں کرتے ہیں  او ران سے ان کی ضرورتیں دریافت کرنے کا اہتمام کرتے ہیں۔ شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے قصیم کا دورہ کر کے اپنے پیشرو  حکمرانوں کی تاریخی روایت کو آگے بڑھایا۔ ولی عہدمحمد بن سلمان نے بدھ کو قصیم کی اہم شخصیتوں سے ان کے گھر پر جا کر ملاقاتیں بھی کیں۔دونوں رہنما ان دنوں مملکت کے داخلی دورے پر ہیں۔ قصیم سے وہ حائل کے دورے پر پہنچ گئے۔  

شیئر: