میرٹھ۔۔۔۔ضلع میرٹھ کے علاقے سردھنا میں ایک نوجوان نے چاکلیٹ بتا کر3سالہ بچی کے منہ میں ’’ستلی بم‘‘رکھ کر پھوڑدیا۔پٹاخے کے دھماکے سے بچی کی زبان کٹ گئی اور چہرہ جھلس گیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ میرٹھ سے ملحق گاؤں میں ششی کمار کی 3سالہ بیٹی آیوشی شام کے وقت گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ ایک نوجوان نے چاکلیٹ کا لالچ دیکربچی کے منہ میں ستلی بم رکھ کرپھوڑدیا۔ پٹاخہ پھٹنے کی آواز سن کرگھر کے افراد فوراً جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں آیوشی کو لہولہان پایا۔ اسے فوراً نجی اسپتال میں داخل کرادیا گیا جہاں اس کی حالت انتہائی نازک ہے۔ پولیس اسٹیشن کے انچارج کپل سبل نے بتایا کہ بچی کے والد نے گاؤں کے ایک نوجوان پر الزام عائد کیا کہ وہ اسے جان سے مارنا چاہتا تھا۔ملزم کے خلاف شکایت درج کرائے جانے کے بعداس کی گرفتاری کی کارروائی شروع کردی گئی۔