Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان 7ارب ریال کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھ کر حائل سے ریاض واپس

حائل۔۔۔خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز 7 ارب ریال سے زیادہ کے 259منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھ کر جمعرات کو حائل سے ریاض واپس پہنچ گئے۔ انہوں نے قصیم اور حائل میں مجموعی طور پر 23ارب ریال سے زیادہ لاگت کے منصوبے ہم وطنوں کی صلاح و فلاح کیلئے پیش کئے۔ اقتصادی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ ان منصوبوں کی بدولت قصیم اور حائل میں سعودی ویژن 2030اور قومی تبدیلی پروگرام 2020کے تقاضے احسن شکل میں پورے ہوں گے۔ شاہ سلمان نے دونوں علاقوں میں جن منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا ہے یا افتتاح کیا ہے وہ ترقیاتی ، تعلیمی ، آبی، رہائشی ، ماحولیاتی اور صحت نیز خدمات عامہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ اہالیان حائل نے اپنے قائد اعلیٰ کے اعزاز میں شاندار استقبالیہ کاا ہتمام کیا۔ ولی عہد  نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بھی ہمراہ تھے۔ ولی عہد عوام کے ساتھ گھل مل گئے۔ قصیم کی طرح حائل میں بھی وہ متعدد شخصیتوں سے ملاقات کیلئے ان کے گھر پہنچ گئے۔ عام شہری ان کی سادگی سے متاثر ہوئے بنا نہ رہ سکے۔ نوجوانوں نے اپنے نوجوان قائد کے ہمراہ سیلفی لے کر سوشل میڈیا پر واہ واہ وصول کی۔ گورنر حائل شہزادہ عبدالعزیز بن سعد نے شاہ سلمان کو حائل پہنچنے پر عوام اور خود اپنی جانب سے خوش آمدید کہا تھا اور ان کے دورہ حائل کو بانی مملکت شاہ عبدالعزیز ؒ کی قائم کردہ روایت کا امین بتایا تھا۔ حائل میں ادبی انجمن کے سربراہ نے اس موقع پر نبطی لہجے میں قصیدہ سنایا  جبکہ شاہ سلمان نے حائل کی متعدد  منفرد  شخصیات کو اعزاز پیش کئے۔ گورنر نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو شیلڈز پیش کیں۔شاہ سلمان اور ولی عہد نے حائل میں عمائدین او رعام شہریوں کے ساتھ ظہرانہ کیا۔ شاہ سلمان نے حائل میں   محکمہ سیاحت و قومی ورثے  ، وزیر نیشنل گارڈز، بلدیات و دیہی امور ، ماحولیات و پانی وزراعت، آبادکار ی ، تعلیم، نقل و حمل، توانائی ، صنعت و  معدنیات سے تعلق رکھنے والے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ شاہ سلمان او رولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان  حائل سے  جمعرات کو ریاض واپس پہنچ گئے۔ انہیں گورنر شہزادہ عبدالعزیز بن سعد، نائب گورنر شہزادہ فیصل بن فہد بن مقرن اور اہم شخصیتوں نے الوداع کہا جبکہ ریاض پہنچنے پر گورنر شہزادہ فیصل بن بندر ، شاہی خاندان کے افراد ، وزراء ، علماء اور فوجی عہدیداروں نے خوش آمدید کہا۔ قصیم اور حائل کے دورہ پر ہمراہ شخصیات بھی ریاض واپس پہنچ گئیں۔ 
 

شیئر: