پشاور: خیبرپختونخوا میں خواتین پرگھریلو تشدد کی روک تھام کا مجوزہ قانون تیارکرلیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق صوبہ کے پی کے میں منظور کیے گئے قانون کے مطابق تشدد ثابت ہونے ،بیو ی یا اس کے رشتے داروںکو دھمکانے پرشوہر کو قید اور جرمانے کی سزا دی جاسکے گی جبکہ شوہر پرجھوٹا الزام لگانے پر بیوی پر بھی 50 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
مجوزہ قانون میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مسلسل گھریلو تشدد کرنے اور بیوی کو کام کرنے کی جگہ، دفتر یا کسی بھی جگہ ڈرانے ، دھمکانے پر شوہر کو سزا ہوگی۔ اس کے علاوہ بیوی کوسوشل میڈیا،انٹرنیٹ اور موبائل فون پر دھمکانے پربھی شوہر کو سزا ہوگی۔ گھریلو ناچاقی کی صورت میں شوہرکو بیوی کی سلامتی کی ضمانت دینا ہوگی۔
مسودے میں کہا گیا ہے کہ بیوی اور بچوں کو نان نفقہ اور دیگر اخراجات دینے کا بھی شوہرپابند ہوگا۔ گھریلو تشدد کی روک تھام کے لیے ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ کمیٹی متاثرہ خاتون کو طبی امداد، تحفظ اور قانونی معاونت فراہم کرے گی اور محکمہ صحت، سماجی بہبود، پبلک پراسیکیوٹر اور پولیس افسران کمیٹی کے ارکان ہوں گے ۔
مسودہ کے مطابق سول سوسائٹی اور ویمن کمیشن کے نمائندے بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے جبکہ خیبرپختونخوا کابینہ خواتین پر گھریلو تشدد کی روک تھام بل کی منظوری دے چکی ہے ۔