وزیر اعظم کی نوجوانوں کے لیے بڑے منصوبے بنانے کی ہدایت
جمعرات 15 نومبر 2018 3:00
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں کے لیے ملک بھر میں بڑے منصوبے متعارف کرانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیرا عظم کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی تعلیم، صحت، روزگار اور تمام شعبوں میں نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیرا عظم یوتھ پروگرام کے حوالے سے وزیرا عظم ہاؤس میں اہم اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین محمد عثمان ڈار، وزیرا عظم کے معاون خصوصی نعیم الحق اور افتخار درانی اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے نوجوانوں کے لیے ملک بھر میں جامع اور مفصل پروگرام مرتب کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے نوجوانوں کے لیے بھی خصوصی پورٹل بنایا جائے تاکہ وہ حکومت تک براہ راست اپنی آرا، تجاویز اور شکایات پہنچا سکیں۔ جس کی روشنی میں مستقبل کی پالیسیاں مرتب کی جاسکیں گی۔
چیئرمین یوتھ پروگرام عثمان ڈار نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومت کے دور میں اربوں روپے سے شروع کیے جانے والے یوتھ پروگرامز کی افادیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ کامن وویلتھ یوتھ گلوبل ڈیولپمنٹ انڈیکس رینکنگ کے مطابق پاکستان کی پوزیشن 2013ء کے مقابلے میں کم ہو کر 154 تک پہنچ چکی ہے۔