طاہر داوڑ کے جسد خاکی کی حوالگی پر افغان حکومت سے احتجاج
جمعرات 15 نومبر 2018 3:00
اسلام آباد: پاکستان نے ایس پی طاہر داوڑ کا جسد خاکی حوالے کرنے میں تاخیر ہونے پر افغانستان سے احتجاج کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ خیبر پختونخوا کے پولیس افسر کے قتل پر افغان ناظم الامور کو دوبارہ دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسد خاکی کو قونصلیٹ منتقل کرنے کا کہا ہے تاہم افغان حکام کی جانب سے تاخیر کی جا رہی ہے جبکہ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ ایس پی طاہر خان کا جسد خاکی پاکستان کے حوالے کیا جائے۔
علاوہ ازیں ہندوستان کی اشتعال انگیزی سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہند کی قابض فوج نے 4 نہتے کشمیریوں کوشہید کیا ہے۔ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر میں ہند کی کھلی جارحیت کا نوٹس لیا جائے اور اس ریاستی دہشت گردی کو ختم کرایا جائے جب کہ پاکستان کی جانب سے آسیہ اندرابی کی حراست کی شدید مذمت کی گئی ہے ۔
امریکا میں قید ڈاکٹرعافیہ صدیقی کے معاملے پر ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستانی قونصل خانہ ہیوسٹن میں گزشتہ 3 ماہ میں 12 مرتبہ ڈاکٹرعافیہ سے ملاقات کرچکا ہے۔ پاکستانی حکومت عافیہ صدیقی کے معاملے پرامریکی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے اوروزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی سے ملاقات بھی کی ہے۔