عمران خان کو مسلط کیا گیا،فضل الرحمان
جمعرات 15 نومبر 2018 3:00
لاہور ... متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ عمران خان کو خصوصی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے پاکستان پر مسلط کیا گیا۔۔ سپریم کورٹ نے آسیہ مسیح کی رہائی کے لئے ٹیکنیکل بنیادوں پر فیصلہ دیا تاکہ مغرب اور یورپ کو خوش کر سکیں۔ متحدہ مجلس عمل ، ملی یکجہتی کونسل ودیگر دینی و مذہبی جماعتوں کے زیراہتمام لاہور میں مال روڈ پر ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی ٹی وی چینلز پر بیٹھ کر اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں ۔ اگر پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرتاہے تو اسے کشمیر کی آزادی کے موقف سے بھی پیچھے ہٹنا پڑے گا ۔ پاکستان کے عوام فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت آئین پاکستان سے اسلامی دفعات کو ختم کرنے اور توہین رسالت کے قانون کو بدلنے کی کوشش کرر ہی ہے ۔ دینی مدارس پر دباﺅ ڈالا جارہاہے۔دینی مدارس کی حفاظت کریں گے ۔ پاکستان آزاد اور خود مختار اسلامی ریاست کی حیثیت سے قائم رہے گا ۔انہوںنے کہاکہ توہین رسالت کے قانون میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی کوشش کی گئی تو عوام اس کو کسی صورت میں قبول نہیں کرے گی ۔