یمن کی تعمیر نو کے ابتدائی پروگرام پر سعودی عرب کی زیر قیادت4ممالک متفق
ریاض..... سعودی عرب کی زیر قیادت برطانیہ، امریکہ ا ور متحدہ عرب امارات نے یمن کی تعمیر نو کے ابتدائی پروگرام پر اتفاق کرلیا۔ چاروںممالک نے اس امر پرزور دیا کہ یمن میں انسانی مسائل کی شدت کم کرنے کیلئے اقتصادی ترقی کی اسکیموں پر عمل درآمد اشد ضروری ہے۔تجارتی و انسانی امور، شہریوں کے تحفظ اور بنیادی ڈھانچے کے پروگرام روبعمل لانا ہونگے۔ چاروں ممالک کے سفراءنے طے کیا کہ آئندہ ہفتوں کے دوران اعلیٰ سطحی وسیع البنیاد اجلاس کرکے مذکورہ مسائل پر زیادہ مفصل بحث مباحثہ کیا جائیگا او رانسانی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی حکمت عملی پر غوروخوض کیا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق سعودی عرب، امارات ،برطانیہ اور امریکہ کے سفراءاور عہدیدارو ں نے ریاض میں اجلاس منعقد کرکے یمنی اقتصاد کی مدد اور یمنی ریال کے استحکام کیلئے تعاون سے متعلق ٹھوس اقدامات کا عندیہ دیدیا۔اجلاس کے اختتام پر جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب یمن کے سینٹرل بینک میں 2ارب ڈالر کی پونجی رکھے گا اور 200 ارب ڈالر یمنی حکومت کو عطیہ کریگا۔ 60ملین ڈالر ماہانہ پیش کیا کریگا۔ان اقدامات کی بدولت یمن کی کرنسی بے وزن ہوجانے سے بچ جائیگی اور یمنی معیشت کو سہارا ملے گا۔چاروں ممالک نے طے کیا کہ جامع اقتصادی اصلاحات کیلئے یمنی حکومت کی مدد کی جائیگی۔