چینی قونصل خانے پر حملہ‘ 2 سہولت کار پکڑے گئے
کراچی: چینی قونصل خانے پر گزشتہ روز ہونے والی دہشت گردانہ کارروائی کے بعد تحقیقات میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حملے میں ملوث 2 سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق قونصل خانے پر حملے کے ایک سہولت کار کو کراچی اور دوسرے کو اندرون سندھ کے شہر شہدادپور سے حراست میں لیا گیا ہے اور دونوں ملزمان سے حملے سے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔ قبل ازیں چینی قونصل خانے پر حملے کا مقدمہ ایس ایچ او کلفٹن محمد اشفاق کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا جس میں قتل، دہشت گردی، بارودی مواد سمیت دیگر دفعات شامل کی گئیں جبکہ مقدمے میں ہلاک دہشت گردوں آزل، رازق اور رئیس بلوچ اور ان کے 11 سہولت کاروں سمیت دیگر ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی آر کے متن میں لکھا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے ہے۔ سہولت کاروں میں اسلم اچھو، نوربخش مینگل، کریم مری، کمانڈر نثار، کمانڈر شریف، آغا شیر دل، کمانڈر گیندی، رحمن گل، ہیر بیار مری، میرک بلوچ، بشیر زیب اور کمانڈر منشی کے نام شامل ہیں اور ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کے دوران مفرور ملزمان سے رابطہ تھا۔