Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر اعلیٰ سندھ ”اِن ایکشن“

کراچی: شہر قائد کے لئے مزید 2 اہم منصوبوں کا اعلان کردیا گیا جس سے شہریوں کو بڑی سہولت ملے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے لی مارکیٹ کے پاس فلائی اوور اور طارق روڈ پر انڈرپاس بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ نے شہر میں ترقیاتی کاموں سے متعلق مزید ہدایات جاری کیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی صدارت میں کراچی پیکیج سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وزیر بلدیات، چیف سیکرٹری سندھ، چیئرمین پی اینڈ ڈی، کمشنر کراچی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس دوران وزیراعلی سندھ نے کہا کہ ایئرپورٹ سے نکلتے ہی سامنے والی بلڈنگ بہت خراب لگتی ہے۔ اسے خوبصورت کرنے کے لیے مجھے اسکیم بناکر دیں۔ جس کے لیے انہوں نے سعید غنی اور چیئرمین پی اینڈ ڈی کو علاقے کا دورہ کرنے اور تجویز دینے کی ہدایت کی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے کلفٹن میں سب میرین چورنگی کے انڈر پاس کی تزئین و آرائش مکمل کرنے کا حکم بھی دیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ چڑیا گھر کی 331.3 ملین روپے کی اسکیم بہت تاخیر کا شکار ہے جسے میئر کراچی کے ساتھ مل کر جلد مکمل کیا جائے جبکہ حیدر علی روڈ اور طارق روڈ انڈر پاس کا کام بھی جلد شروع کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ یہ اسکیمیں اپریل کے آخر میں مکمل ہو جانی چاہئیں۔ اجلاس میں وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ لی مارکیٹ کے پاس فلائی اوور منصوبہ شروع کرنا ہے اور وہاں کی سڑکیں بھی بہتر کرنی ہیں۔ اس منصوبے پر دسمبر کے آخر میں کام شروع ہونا چاہیے۔ مراد علی شاہ نے سیکرٹری خزانہ کو کراچی پیکیج کے تمام فنڈز جاری کرنے کا بھی حکم دیا۔

شیئر: