Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈالر 8 روپے مہنگا‘ 142 کی بلند ترین قیمت پر پہنچ گیا

کراچی:  انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کی قدر میں مزید کمی ہو گئی جس کے بعد امریکی ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ ذرائع کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں آج روپے کی نسبت ڈالر کی قدر میں مزید 8 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی ڈالر کی قدر 134 روپے سے 142 روپے تک پہنچ گئی۔ پاکستانی روپے کی حالیہ گراوٹ کے باعث غیر ملکی قرضوں کے حجم میں 760 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق قرض کے اجرا کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط میں روپے کی قدر میں مزید کمی سرفہرست ہے۔ اس کے علاوہ شرح سود میں بھی اضافے کے امکانات ہیں۔ ڈالرکی بڑھتی ہوئی قدرسے ملک میں مہنگائی کا سیلاب آئے گا۔  روزمرہ استعمال کی ضروری درآمدی اشیا، پٹرول سمیت ہرشے کی قیمت بڑھ جائے گی جبکہ مقامی صنعتوں میں استعمال ہونے والے درآمدی خام مال کی قیمت بڑھنے سے پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہوجائے گا۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کرے گا۔ اسٹیٹ بینک کا موجودہ پالیسی ریٹ 8.50 فیصد ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف ہی کی تجاویز کی روشنی میں شرح سود میں اضافے کے امکانات بھی ہیں۔
 

شیئر: