جلد کی صحیح نگہداشت آپ کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بنتی ہے ۔ بڑھتی عمر کے ساتھ چہرے کی ساخت تبدیل ہونا شروع ہو جاتی ہے اور دوران خون میں کمی واقع ہوتی ہے جس سے جلد کی بالائی سطح پتلی اور ڈھیلی ہونے لگتی ہے ۔ وقت کے ساتھ جلد کے ڈھیلے پڑنے کی وجہ اس میں سے حفاظتی چکنے مادے کا کم ہو جانا ہے ۔ جب جلد خشک ہوجاتی ہے تو اس میں انفیکشن کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی کم ہو جاتی ہے ۔ خشک جلد پر جھریاں نمایاں ہوجاتی ہیں اور چھلکے سے بن جاتے ہیں ۔ ایسے میں جلد کو موسچرائزنگ کی شدید ضرورت ہوتی ہے ۔ خشک جلد پر موسچرائزنگ جلد کی خارش اور چبھن کو ختم کرنے میں مدد دیتی ہے اور جلد میں نرمی پیدا کرتی ہے ۔ اس لئے ضروری ہے کہ پچیس برس کی عمر کے بعد رات کو موسچرائزنگ کریم کا استعمال ہرگز نہ بھولیں ۔ مناسب موسچرائزنگ جلد کو لمبے عرصے تک جھریوں سے محفوظ رکھتی ہے ۔ اگر آپ روزانہ کچھ وقت جلد کی نگہداشت پر صرف کریں تو اس کے اثرات آنے والے وقت میں دیرپا ہوتے ہیں ۔ ماحولیاتی آلودگی ، خوبصورتی کے نام نہاد پراڈکٹس ، موسموں کی بدلتی صورتحال ، غیر معیاری خوراک ، سبزیوں اور پھلوں کی افادیت سے لاعلمی اور نیند کی کمی جلد کی بے رونقی اور جھریوں کا سبب بنتے ہیں ۔