اظہر الدین کانگریس کے کارگزار صدر
حیدرآباد.... ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و سابق رکن پارلیمنٹ محمداظہرالدین تلنگانہ کانگریس کے کارگزار صدر مقرر کردیئے گئے۔ اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر کانگریس راہول گاندھی نے سابق رکن پارلیمنٹ محمداظہرالدین کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا کارگزار صدر مقرر کیا ہے ۔ صدر کانگریس نے بی ایم ونودکمار اور زیڈجاوید کو تلنگانہ پی سی سی کے نائب صدور کے طور پر منتخب کیا ہے۔ تلنگانہ پی سی سی کے لئے 8جنرل سکریٹریز اور 4سکریٹریز بھی مقرر کئے ہیں۔ جنرل سکریٹریز میں جگدیشورراؤ ‘ناگیش مدیراج‘این ریڈی ‘ منہاوت ‘ فہیم ‘کیلاش ‘ لکشمن ریڈی اور کرشنن شامل ہیں۔ سکریٹریز میں بی بھاسکر ‘ڈی ایلیا‘وجئے کماراور بالالکشمی شامل ہیں۔ اظہرالدین نے کانگریس کے ٹکٹ پر 2009کے انتخابات میں اترپردیش کے مرادآباد لوک سبھا حلقہ سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم 2014میں راجستھان کے ٹونک سوائے مادھاپور لوک سبھا حلقہ سے ان کو شکست ہوئی تھی۔ اس بات کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ وہ اس مرتبہ تلنگانہ سے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لیں گے۔