Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت اور پاکستان کے مابین دوستی شخصیتوں سے بالا تر ہے ، سفیر پاکستان

جدہ ۔۔۔ پاکستان قونصلیٹ کی جانب سے مملکت میں متعین سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق کے اعزاز میں الوداعی ظہرانے کا اہتمام کیا۔ تقریب میں قونصل جنرل شہریار اکبر خان سمیت قونصلیٹ کے تمام افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خان ہشام نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دوستی شخصیتوں سے بالا تر ہے ۔ عوامی سطح پر روابط نے ان تعلقات کو استحکام کی بنیاد فراہم کی ۔ہرگزرتے دن کے ساتھ یہ تعلق مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے ۔ سفیر پاکستان نے مزیدکہا کہ2 اہم وجوہات کی بنا ءپر انہوں نے سعودی عرب میں اپنے قیام کے ہر دن کا لطف اٹھایا۔ پہلی وجہ عالم اسلام کے مقدس ترین مقامات کی قربت کے باعث عبادت خشوع و خضوع کے ساتھ انجام دینے کا موقع ہے جبکہ دوسری وجہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی خدمت کرنا ہے ۔ انہوں نے کمیونٹی کی خدمات کو پاکستانی سفارت خانے اور قونصلیٹ کی اہم ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے میں نے اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرنے کی کوشش کی اور پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کے لحاظ سے سعودی عرب میں میرا قیام اطمینان بخش رہا۔ قونصلیٹ کے افسران کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سخت محنت ہی کامیابی کی کلید ہے۔ افسران ،کمیونٹی کی مدد کو اپنا شعار بنائیں۔ خان ہشام نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی حکومت کا سفارت کاری کیلئے بہترین اور مثالی ماحول فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لئے بڑا اعزاز ہے کہ انکو وطن کی خدمت کیلئے مسلمانوں کی سب سے مقدس ترین جگہ پر کام کرنے کا موقع ملا۔قبل ازیں قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے کہا خان ہشام بن صدیق نے کام کیلئے موافق ماحول فراہم کیا جس سے ہماری خدمات میں بہتری آئی ۔ کمیونٹی کے معاملات میں سفیرکی ذاتی دلچسپی نے ہمیں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کیا۔

شیئر: