اقوام متحدہ میں حماس کیخلاف امریکی قرار داد ناکام
واشنگٹن... اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں حماس کے خلاف امریکی قرارداد ناکام ہو گئی ۔ غزہ پر حکمرانی کرنے والی تنظیم حماس کے خلاف امریکا کی یہ پہلی قرارداد تھی۔ووٹنگ سے پہلے 193 رکنی عالمی ادارے نے ایک قرارداد کے ذریعے طے کیا تھا کہ امریکی قرارداد کی منظوری کے لئے ایوان کی دو تہائی اکثریت درکار ہو گی امریکہ اسے سادہ اکثریت سے منظور کرانے پر زور دے رہا تھا۔امریکی مندوب نکی ہیلی نے ووٹنگ سے پہلے جنرل اسمبلی کو بتایا کہ قرارداد کی منظوری سے ایک ایسی تاریخ رقم ہو گی جس میں غیر مشروط طور پر حماس کے خلاف ایوان کا موقف سامنے آئے گا بقول نکی ہیلی حماس دنیا میں دہشت گردی کی سب سے بے ڈھنگی اور واضح مثال ہے۔ جنرل اسمبلی میں قرارداد کے حق میں 87 جبکہ مخالفت میں 57 ووٹ پڑے 33 ملکوں نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ قرارداد دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔